دبئی…2013 ہوا رخصت اور 2014 کا ہوا آغاز اور ایسا آغاز ہوا کہ دیکھنے والے دانتوں میں انگلیاں دے بیٹھے۔ دنیا بھر میں نئے سال کی آمد کی خوشی میں شاندار آتش بازی نے رات میں بھی دن کا سماں کردیا۔ دبئی کا برج خلیفہ نئے سال کے آغاز کی خوشی میں رنگوں کی برسات میں نہا اٹھا۔ 2014 کو خوش آمدید کہنے کے لیے برج خلیفہ سمیت پام جمیرا میں 6 منٹ کے دوران 400 مقامات پر چار لاکھ فائر ورکس استعمال کرکے نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا گیا۔ سال 2014 کا استقبال برطانیہ میں شاندار انداز میں کیا گیا۔ لندن کے بیگ بین نے جیسے ہی 12 بجے کا گھنٹا بجایا، آسمان پر رنگ اور روشنیوں کا سیلاب امڈ آیا۔ لندن آئی اور اس کے اطراف میں کی گئی خوبصورت آتش بازی نے دیکھنے والوں کے دل جیت لیے۔سرخ، سبز، نیلے پیلے شراروں کے رقص کا دل فریب منظر بہت دیر تک جاری رہا۔اس خوبصورت نظارے کو دیکھنے کے لیے ہزاروں لوگ جمع تھے۔ روسی دارالحکومت ماسکو کے ریڈ اسکوائر پر بھی ہزاروں لوگ نئے سال کا جشن منانے اکٹھا ہوئے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔یونان میں 12 بجتے ہی
ایتھنز کی فضا آتش بازی کی روشنیوں سے جگمگا اٹھی۔ شدید سردی کے باوجود شہریوں نے سال نو کے جشن میں بھرپور جوش و خروش سے حصہ لیا۔اس سے قبل تائیوان میں بھی نئے سال کی آمد کا جشن بھرپور طریقے سے منایا گیا اور آتش بازی کی گئی۔ چین میں بھی لوگوں نے نئے سال کو نئی امنگوں کے ساتھ خوش آمدید کہا۔ ہانگ کانگ ، شنگھائی اور دیگر شہروں میں سال نو کی آمد پر آتش بازی کے دلکش مظاہرے کیے گئے۔ جاپان میں نئے سال کو دعائیہ تقریب کے ذریعے خوش آمدید کہا گیا، ٹوکیو ٹیمپل کے اطراف ہزاروں لوگوں نے سال نو کی آمد پر نیک خواہشات کا اظہار کیا، آسٹریلیا میں سڈنی ہاربر نئے سال کی خوشی میں سات رنگوں کی آتش بازی کے شاندار مظاہرے سے بقعہ نور بن گیا، ہزاروں لوگ نئے سال کا جشن منانے اور سال 2014 کو خوش آمدید کہنے ساحل پر جمع ہوئے، دنیا میں سب سے پہلے نیوزی لینڈ میں گھڑی کی سوئیوں نے 12 کے ہندسے کو چھوا۔ کاؤنٹ ڈاؤن مکمل ہوتے ہی آکلینڈ کے 328 میٹر بلند اسکائی ٹاور پر رنگا رنگ آتش بازی کا آغاز ہوا۔ امیدوں اور خوشیوں سے جگمگاتے چہروں نے گاتے گنگناتے ہوئے نئے سال کو خوش آمدید کہا۔